5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان میں پولیو کے خلاف سہ روزہ مہم کا12جولائی سے آغاز
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . بلوچستان میں پولیو کے خلاف سہ روزہ مہم12جولائی سے شروع ہورہی ہے جس کے دوران صوبے بھر میں 35لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔روان سال کے دوران ملک بھر میں پولیو کے 29اور بلوچستان میں سات کیسز سامنے آچکے ہیں ۔یہ بات ڈائریکڑ جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکڑ امان اللہ کاکڑ نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں رپورٹ کئے گئے کیسز میں سے تین کیسز کا تعلق قلعہ عبداللہ جبکہ دیگر چار کا تعلق کوئٹہ اور چاغی سے ہے۔ رپورٹ ہونے والوں میں سے زیادہ تر افغان مہاجر بچے ہیں اور ان کے خاندان کے سربراہان بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کرچکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل صحت نے بتایا کہ بلوچستان بھر میں پولیو سے بچاؤ کی سہ روزہ مہم12جولائی سے شروع ہوگی جس کے دوران صوبے بھر میں 35لاکھ جبکہ صرف ضلع کوئٹہ میں چار لاکھ 85ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا مہم کے لئے ضلع کوئٹہ میں 878ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا پولیو کی بیماری پر قابو پانے کے لئے عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے علما و میڈیا سمیت زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ محکمہ صحت کی انسداد پولیو مہم کا بھر پور ساتھ دیں۔