5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
اوباماکی محمود عباس کو فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے حمایت کی یقین دہانی
جنگ نیوز -
واشنگٹن .. . . . .. . .امریکی صدر باراک اوباما نے ہم منصب محمود عباس کو فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔فلسطینی صدر کے ترجمان نے فرانسیسی خبر ایجنسی کو بتایا کہ صدر اوباما نے صدر عباس سے ٹیلے فون پررابطہ کیا۔ اور وعدہ کیاہے کہ وہ ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست قائم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں گے جو امن و سلامتی کے ساتھ، مستحکم طورپر اسرائیل کے ساتھ ساتھ رہ سکے۔ ترجمان کے مطابق اوباما نے محمود عباس کو وائٹ ہاؤس میں منگل کو اپنی اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ صدر عباس نے اوباما کو یقین دلایا کہ وہ ایسے سنجیدہ اور تسلسل سے جاری رہنے والے امن عمل کے بارے میں پرعزم ہیں جس کے نتیجے میں اسرائیل کا فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم ہو اور ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آسکے۔ وائٹ ہاؤس نے بھی دونوں رہنماؤں کی ٹیلے فون پر گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان براہ راست مذاکرات شروع کرنے کے معاملے پربھی بات ہوئی۔ جبکہ اوباما کا کہنا تھا کہ خطے کیلئے امریکا کے نمائندہ خصوصی جارج مِچل جلد محمود عباس سے ملاقات کریں گے۔