5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مہمند ایجنسی :یکہ غنڈ خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد100ہو گئی
جنگ نیوز -
مہمند ایجنسی…مہمند ایجنسی کے علاقے یکہ غنڈ میں گذشتہ روز ہونے والے خودکش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد100ہو گئی ہے جبکہ 100سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں بیشتر کی حالت نازک ہے۔ پولیٹکل تحصیل دار معراج خان کے مطابق آج صبح ملبہ ہٹانے کے دوران مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن سے ہلاکتوں کی تعداد100ہو گئی ہے۔ گذشتہ روز یکہ غنڈ میں پولیٹکل سب ڈویژنل آفس کے باہر صبح ساڑے نو بجے ایک حملہ آور نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑلیا تھا ۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔دھماکے سے یکہ غنڈ بازار میں دو ہوٹلوں سمیت تیس دکانیں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی ایک گھر کی چھت بھی گرگئی۔ اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ رسول خان نے ابتدائی طور پر دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 70 بتائی تھی۔ جاں بحق ہونے والوں میں خاصہ دار فورس کے چار اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال شب قدر اور زیادہ تر زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔دھماکے سے یکہ غنڈ جیل کی عمارت بھی گرگئی جس کے بعد 35کے قریب قیدی فرار ہوگئے ۔ پولیٹیکل حکام کی جانب سے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے ایک لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے پچاس پچاس ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ادھر یکہ غنڈ خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔ٹی ٹی پی کے ترجمان اکرام اللہ مہمند نے نامعلوم مقام سے ٹیلے فون پر جیو نیوز سے گفت گو کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش دھماکے کا ہدف امبار امن کمیٹی کے ارکان تھے جو اس وقت اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر میں موجود تھے۔