5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جرمنی،پاکستانی فنکاروں کا دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی میلے کا افتتاح
جنگ نیوز -
برلن . . . رضا چوہدری . . . پاکستانی فنکارجرمنی میں اپنے فن سے دنیا کے سب بڑے ثقافتی میلے کا افتتاح کریں گے۔جرمنی کے شہر بوخم اور اس کے گردو نواح میں دنیا کا سب سے بڑا ثقافتی میلہ منعقد ہوتا ہے جو تقریباً ایک سال تک جاری رہتا ہے۔ اس سا ل اس میلے کا فوکس اسلامی ثقافت ہے، جب کہ دیگر کئی ثقافی نمائشیں اور متعدد میوزک شوز بھی اس میلے کے پروگرام کا حصہ ہیں۔ رواں سال اس میلے کا افتتاح پاکستانی فنکار ’صوفیانہ کلام اور قوالی‘ کے عنوان سے ہونے والے میوزک شو سے کریں گے۔اس شو کا اہتمام پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ ستائیس اگست کو شام آٹھ بجے جرمنی کے شہر بوخم میں قوالی کے شہنشاہ استاد نصرت فتح علی خان کے جانشین اور عالمی شہرت یافتہ قوال رضوان و معظم علی خان قوال وہمنوا قوالی کو اس کے فن کے بلندیوں پر پیش کریں گے ، جب کہ شہرت یافتہ لوک فنکار سائیں ظہور بھی اک تارا کے ساتھ صوفیانہ کلام سے لوگوں کو مسحور کریں گے اور پپوسائیں روائتی ڈھول پر اپنی مخصوص تھاپ سے دلوں کو گرمائیں گے۔پاکستان جرمن کونسل فار کلچر اینڈ ڈیموکریسی کے صدر شاہدر یاض گوندل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کا دنیا کے سب سے بڑے ثقافی میلے کا افتتاح کرنا پاکستان، قومی صوفیانہ ثقافت اور بیرون و اندرونِ ملک پاکستانیوں کے لے ایک اعزاز ہے۔ انھوں نے کہا نہ صرف جرمنی میں بسنے والے بلکہ یورپ بھر میں رہنے والے پاکستانیوں کوچاہیے کہ وہ اس شو میں بھر پور طور پر شرکت کرتے ہوئے اپنی ثقافت اور موسیقی سے لگاؤ کا اظہار کر یں۔