5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے علما اور میڈیا تعاون کریں، وزیر اعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے آبادی کو ملک کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے علما،میڈیا اور سول سوسائٹی سے تعاون کی اپیل کی ہے۔کنونشن سینٹر اسلام آباد میں عالمی یوم آبادی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے2011 کو آبادی کا سال قرار دیا ان کا کہنا تھا کہ اس سال مردم شماری کرائی جائے گی،انہوں نے وزارت بہبود آبادی کو ہدایت کی کہ آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے دوسرے ممالک کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے بہبود آبادی کو اپنے منشور میں شامل کیا ہے،اس موقع پر بہبود آبادی کے لئے کام کرنے والے افراد اور میڈیا سے نمائندوں کو ایوارڈز بھی دیئے گئے۔وزیر اعظم کے علاوہ تقریب سے وفاقی وزیر بہبود آبادی فردوس عاشق اعوان،وزیر اعظم کی معاون خصوصی شہناز وزیر علی اور سیکریٹری وزارت بہبود آبادی نے بھی خطاب کیا۔تمام مقررین نے آبادی کو بڑا مسئلہ قرار دیا تاہم تقریب میں شریک اکثر افراد کو شاید اس سے کوئی غرض نہ تھی اور کئی لوگ اس دورن نیند کے مزے لوٹنے رہے۔