5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فرانس میں ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں 2 سال اضافے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
پیرس…جنگ نیوز… فرانس کی حکومت نے پنشن کے حوالے سے لیبر یونین کے مطالبات پر ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنشن کا مسئلہ صدر نکولس سرکوزی کے پروگرام کا اہم حصہ ہے جو کہ 2012 ء کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے کی خواہش رکھتے ہیں۔ منصوبے کے تحت پنشن کے حصول کیلئے ملازمین کو دوران ملازمت لمبے عرصے تک تنخواہ سے کٹوتی کرانی ہوگی اس کے علاوہ زائد آمدنی والے افراد پر بھی کچھ نئے ٹیکسوں کا نفاذ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں حکومت فنڈ کی کمی پوری کرنے کیلئے اپنی طرف سے بھی حصہ ڈالے گی۔ پنشن کی عمر میں اضافہ کا معاملہ فرانس میں انتہائی نا پسندیدہ تصور کیاجاتا ہے جہاں ملازمین 60 سال کی عمر میں ہر قسم کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے خواہاں ہوتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر میں 2 سال اضافہ کے بعد سرکاری اور پرائیویٹ سطح پر پنشن کا یکساں نظام رائج ہو جائے گا۔