5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پنجاب کے نوجوان تیزی سے ایم کیوایم کی طرف راغب ہورہے ہیں،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پنجاب کے نوجوان جس تیزی سے ایم کیوایم کی طرف راغب ہورہے ہیں اسے دیکھ کریہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ ملک میں غریب ومتوسط طبقہ کاانقلاب برپاکرنے اور ملک کوموروثی سیاست سے نجات دلانے کی جدوجہدکامیابی سے ضرورہمکنارہوگی۔انہوں نے یہ بات لاہورمیں ایم کیوایم کے صوبائی دفترپر لاہورزون کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ٹیلیفون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان افتخاررندھاوا اورتوصیف خانزادہ بھی موجودتھے۔ الطا ف حسین نے کہاکہ کسی بھی خطے میں تبدیلی کیلئے آسمان سے فرشتے نہیں اترتے بلکہ اس کیلئے محروم طبقہ کوخودجدوجہدکرنی پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک پاکستان کے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام بڑے بڑے جاگیرداروں اوروڈیروں کے پیچھے بھاگتے رہیں گے اورانہیں منتخب کراتے رہیں گے اس وقت تک غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی اورملک پر دوفیصدمراعات یافتہ طبقہ کے چندخاندانوں کی حکومت رہے گی ۔عوام اپنی قسمت بدلناچاہتے ہیں توانہیں چاہیے کہ وہ اپنی صفوں سے قیادتیں نکالیں اوراپنے مسائل کے حل کیلئے عملی جدوجہدکریں۔انھوں نے لاہورمیں ایم کیوایم کے زیراہتمام ” غربت ،مہنگائی اورعوام کی مشکلات “ کے عنوان سے سیمینارکے شاندارانعقادپر ایم کیوایم پنجاب کے تمام کارکنوں ،عہدیداروں اورہمدردوں کومبارکبادپیش کی اورسیمینارکے انتظامات میں حصہ لینے والے ایم کیوایم لاہورزون کے تمام عہدیداروں، کارکنوں اورطلبہ وطالبات کو شاباش پیش کی۔انہوں نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ایم کیو ایم کے تیزی سے بڑھتے ہوئے تنظیمی کام کوحوصلہ افزاء قراردیااورتحریک کیلئے محنت وجانفشانی سے کام کرنے پر ایم کیوایم پنجاب کے تمام زونوں اور اضلاع کے عہدیداروں اورکارکنوں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔