5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کام کے دورانیہ میں غیرمعمولی اضافہ ذیابیطس کا سبب بن سکتا ہے،طبی تحقیق
جنگ نیوز -
برسبین . . . جنگ نیوز . . . جدید طبی تحقیق کے مطابق کام کے دورانیہ میں غیرمعمولی اضافے سے شدید بیماریوں جیسے ذیابیطس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ بات آسٹریلیاکے ماہرین کی ایک تحقیق میں کہی گئی ہے ۔ ذیابیطس کوئنزلینڈ نامی ادارے نے اس تحقیق کے دوران 600 سے زائد شہریوں سے ان کی زندگی گزارنے کے طریقوں کے بارے میں سوالات کئے۔ تحقیق کے مطابق جولوگ معمول سے ہٹ کر طویل دورانیہ تک کام کرنے میں مصروف ہوتے ہیں ان میں ذیابیطس کی شرح بہت زیادہ ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق حد سے زیادہ کام کرنے والے افراد کواچھی غذا اور خوراک کے مواقع کم ملتے ہیں جس سے ان کی صحت کمزور ہوجاتی ہیں۔ اس تحقیق کی روشنی میں ماہرین نے شہریوں کو متوازن زندگی گزارنے کی ہدایت کی ہے۔