5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
افغان اور اتحادی فورسز طالبان کیخلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں، ڈیوڈ پیٹریاس
جنگ نیوز -
کابل . . . جنگ نیوز . . . افغانستان میں اتحادی فوج کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ ایک مشترکہ مشن ہے، جس کی تکمیل کیلئے افغان اور اتحادی سیکورٹی فورسز ملکر طالبان کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغان اور غیر ملکی فورسز ایک مشترکہ مشن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مشترکہ دشمن کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے آپس میں اعتماد کو فروغ دینا ہوگا۔ ادھر افغان فوج کے سربراہ نے کہا کہ اس جنگ کے دوران اتحادی فوج کا نقصان ہمارے لئے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر اس قسم کے واقعات کو روکن کی کوششیں کرنی ہیں تاکہ مشترکہ نقصان سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے ترجمان نے کہا کہ تین برطانوی فوجیوں کی ہلاکت کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ ایک روز قبل باغی افغان فوجی کی فائرنگ سے تین برطانوی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔