5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
چشمہ جہلم لنک کینال تین دن بعد دوبارہ کھول دی جائیگی،چیئرمین ارسا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…ارسا نے سندھ کے حصے کا پانی بڑھا کر دو لاکھ چالیس ہزار کیوسک کر دیا ہے۔ادارے کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ چشمہ جہلم لنک کینال تین دن بعد دوبارہ کھول دی جائے گی ،انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس کے بعد ارسا کے چیئرمین رقیب خان نے صحافیوں کو بتایا کہ اجلاس میں تمام فیصلے اتفاق رائے سے کئے گئے ہیں ۔ ان فیصلوں کے تحت سندھ کے حصے کا پانی بڑھا کر دو لاکھ چالیس ہزار کیوسک پنجاب کو ایک لاکھ بیس ہزار کیوسک ، بلوچستان کو 13 ہزار کیوسک اور صوبہ خیبر پختونخوا کو تین ہزار کیوسک پانی دیا جائے گا ۔ چیئرمین ارسا نے بتایا کہ دو روز میں بلوچستان اورسندھ کی پانی کی ضروریات پوری ہوجائیں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈو بیراج میں پانی پہنچنے پر 3 دن بعد چشمہ جہلم لنک کینال دوبارہ کھول دی جائے گی ۔اس سے پہلے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ارسا کا اجلاس عجلت میں طلب کرنے اور ارسا میں سندھ کے نمائندے پر دباؤ ڈالنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران قائم علی شاہ نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کانوٹس لیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی سے سندھ میں چاول کی فصل متاثر ہورہی ہے جبکہ ٹھٹھہ اور بدین میں خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے ۔