5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
استعفیٰ دے رہا ہوں نہ ہی رخصت پر جاؤں گا، چیئرمین ایچ ای سی
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی اور سندھ کی یونیورسٹیوں نے ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں پر رپورٹس ایچ ای سی کو بھیج دی ہیں ، جس کے مطابق فریال تالپور اور کئی اہم شخصیات سمیت متعدد ارکان کی ڈگریوں کا ریکارڈ مشکوک ہے ، ادھر چیئرمین ایچ ای سی جاوید لغاری نے کہا ہے کہ وہ دباؤ میں آکر نہ تو استعفیٰ دے رہے ہیں اور نہ ہی رخصت پر جارہے ہیں۔ ذرائع نے جیونیوز کے نمائندے نوید صدیقی کو بتایا ہے کہ ایچ ای سی کو ایم این اے فریال تالپور،وزیرمملکت نبیل گبول،سینیٹر فیصل رضاعابدی ، صوبائی وزیر مکیش چاولہ ، رکن اسمبلی شمشاد بچانی سمیت کئی پارلے منٹرینز کی ڈگریاں مشکوک جبکہ انہیں بھجوانے کاطریقہ کاربھی قواعدکے مطابق نہیں ، ان رپورٹس میں بعض پر تو وائس چانسلر کی مہرتک موجودنہیں ہے۔ ایچ ای سی نے ان رپورٹس کو واپس کراچی اور سندھ کی جامعات میں بھیجتے ہوئے کہاہے کہ ڈگریوں کی تصدیق کا عمل طے شدہ پرفارما کے مطابق کیاجائے۔ادھر ایچ ای سی نے مزید107 پارلے منٹرینز کی ڈگریوں کو تصدیق کے لئے مختلف یونی ورسٹیز کو بھجوادیا ہے جبکہ36 میں سے33 جامعات نے ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں پر رپورٹس ایچ ای سی کو بھیج دیں۔ پنجاب یونی ورسٹی نے217 پارلے منٹرینز کی ڈگریوں پر رپورٹ بھیجی ہے جبکہ باقی93 کی تصدیق کے لئے مزید مہلت مانگ لی ہے۔ ایچ ای سی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اب تک699 ڈگریاں تصدیق کے بعد موصول ہوچکی ہیں جن میں سے37 جعلی نکلی ہیں۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر جاوید لغاری نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایاہے کہ انہوں نے اب استعفٰی دیاہے نہ ہی ڈگریوں کی تصدیق کے بعدایسا کریں گے اوروہ چھٹی پربھی نہیں جارہے۔