5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بلوچستان : سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا
جنگ نیوز -
کوئٹہ …بلوچستان کے اضلاع کوہلو، بارکھان اور سبی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ،پاک فوج کے چار ہیلی کاپٹرز امدادی سامان ، خوراک،ادویات ڈاکٹرزکو لیکرکوہلواورسبی پہنچ گئے جبکہ پی ڈی ایم اے نے بھی متاثرہ علاقوں کی امدادی اشیا روانہ کردیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے چار ہیلی کاپٹرز امدادی سامان ،خوراک،ادویات اورڈاکٹرز کو لیکر کوہلواور سبی پہنچ گئے۔ جہاں امدادی کاروائیاں شروع کردی گئی ہیں اورپاک آرمی سدرن کمانڈ کے600جوان کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا رہے ہیں جبکہ امدادی کیمپ قائم کرکے سیلاب سے متاثرہ افراد کو امدادی اشیا دی جارہی ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے ضلع بارکھان، کوہلو اور سبی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کے12ٹرک روانہ کردئیے گئے۔ڈائریکٹرپی ڈی ایم اے بلوچستان ڈاکٹرصدیق آفتاب نے جیو نیوز کو بتایا کہ امدادی اشیا میں آٹا، چاول، دالیں،خیمے، ادویات اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں مزید امدادی اشیا بھی بھجوائی جائیں گی۔انجمن ہلال احمر کے رضاکار بھی امدادی اشیا لیکر بارکھان پہنچ گئے ہیں۔ کوہلو اور بارکھان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد و بحالی کیلئے کوہلو سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکنون نے کوئٹہ میں امدادی کیمپ قائم کردیا گیا جہاں لوگ امدادی اشیا جمع کرارہے ہیں۔