5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مذاکرات میں ناکامی بھارت کی اندرونی سیاست کا نتیجہ ہے، صدر زرداری
جنگ نیوز -
کراچی …صدر مملکت آصف علی ذرداری نے کہا ہے کہ سیاچن کے محاز جنگ پر پاکستان اور بھارت کے بڑے پیمانے پر اخراجات آرہے ہیں اس لئے دونوں ممالک کو چاہئے کہ سیاچن سے اپنی افواج کو واپس بلائیں۔یہ بات انہوں نے وزیراعلی ہاؤس کراچی میں سکھر،حیدرآباد اور لاڑکانہ کے پریس کلبس کے عہدیداروں کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ظہرانے میں صحافتی نمائندوں سمیت وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،صوبائی وزرا،پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب،مشیر اطلاعات جمیل سومرو اور دیگر نے شرکت کی۔صدر آصف علی ذرداری نے کہا کہ حکومت جمہوریت آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو یہ بات باور کروائی ہے کہ سیاچن کے جنگی اخراجات دونوں ممالک کی عوام کیلئے مناسب نہیں۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کی ناکامی بھارتی حکومت میں شامل جماعتوں کی اندرونی سیاست کا نتیجہ ہے جبکہ ہم پر امید ہیں کہ بھارت سے بامقصد مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان پانی کا معاملہ مستقل بنیادوں پر حل کروانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں چاروں صوبوں کو اعتماد میں لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو ایک سوچ نے قتل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں جرنلسٹس کالونی قائم کی جائیگی،سکھر میں پریس کلب کی تزئین و آرائش کی جائیگی اور حیدرآباد کی جرنلسٹس کالونی کیلئے50 فیصد رقم سندھ حکومت دے گی۔