5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلابی ریلا راجن پور میں تباہی مچانے کے بعد فاضل پور میں داخل
جنگ نیوز -
راجن پور…سیلابی ریلا گذشتہ روز راجن پور میں تباہی مچانے کے بعد اب فاضل پور میں داخل ہوگیا ہے۔ سیلاب سے اب تک دس ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں ۔کوہ سلیمان سے آنیوالا سیلابی ریلا فاضل پور کے علاقے موضع احمدانی میں داخل ہوگیا ہے ۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد ہے۔یہاں سانپ ،بچھو اور دیگر حشرات بھی بڑی تعداد میں نکل آئے ہیں جن کے کاٹنے کی صورت میں متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امدادی کیمپوں کے ساتھ طبی کیمپ بھی قائم کیے جائیں ۔موضع احمدانی میں اس وقت6 سے7 فٹ تک پانی پہنچ چکا ہے جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔سیلابی ریلے سے فاضل پور ریلوے ٹریک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث ریلوے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے۔راجن پور کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا آج تیسرے روز بھی ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد میں اشیائے خوردو نوش اورامدادی سامان پہنچایا جائیگا۔