تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

لیڈز ٹیسٹ : پاکستان آسٹریلیا کو 15سال بعد شکست دینے میں کامیاب

جنگ نیوز -
ہیڈنگلے . . . پاکستان نے بالآخر آسٹریلیا کیخلاف 15سال سے جاری شکست کے سلسلے کو توڑتے کینگروز کو3 وکٹو ں سے مات دیدی۔پاکستان نے آخری مرتبہ 1995 میں وسیم اکرم کی قیادت میں آسٹریلیا کیخلاف سڈنی کے مقام پر ٹیسٹ میچ جیتا تھا ۔ لیڈز ہیڈنگلے میں آج چوتھے روز اننگ کا آغاز اظہر علی اور عمراکمل نے کیاتو پاکستان کو فتح کیلئے صرف 40رنز درکار تھے۔ تاہم دونوں کھلاڑی جلد آؤٹ ہوگئے۔ اظہر علی اس حوالے سے خوش قسمت رہے کہ انہوں نے آج اپنی پہلی ٹیسٹ ففٹی مکمل کی۔ انہیں 51کے انفرادی اسکور پر بولنگر نے وکٹ کیپر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ تین اوور بعد ہی عمر اکمل نے ہلفنہاس کی گیند کو کھیلنے کی کوشش کی جو سیدھی وکٹ کیپر کے ہاتھو ں میں محفوظ ہوگیا۔ انہوں نے22بولز پر 8رنز بنائے۔ جیت کے قریب ایک اہم موڑ پر سینئر پلیئر شعیب ملک صرف 10رنز بناکر اس وقت آؤٹ ہوگئے، جب پاکستان کو جیت کیلئے صرف 19رنز درکار تھے ۔ انہیں ٹھکانے لگانے کا کام بھی ہلفنہاس نے انجام دیا۔جیت سے ایک رنز قبل کامران اکمل مچل جونسن کی گیند کو کھیلتے ہوئے گلی میں مائیک ہسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔گزشتہ روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز136رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے ابتدا میں ہی کپتان رکی پونٹنگ ، مائیکل ہسی اور مارکس نارتھ کو جلد پویلین واپس بھیج کر آسٹریلیا کو بیک فٹ پر پہنچا دیا تھا۔تاہم آسٹریلیا کے نائب کپتان مائیکل کلارک کے ساتھ ٹیل اینڈرز نے بھر پور پور مزاحمت کی۔مائیکل کلارک77رنز پر آؤٹ ہوئے۔اسپنر اسٹیو اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے77 اور ٹم پین33 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی آخری پانچ وکٹوں نے اسکور میں185 رنز کا اضافہ کیا۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے چار محمد آصف اور دانش کنیریا نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔پاکستان کو جیت کیلئے 180 رنز کا ہدف ملا۔پہلے میچ میں قیادت کرنیوالے ان فارم سلمان بٹ نے13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔ لیکن دوسری وکٹ کی شراکت میں عمران فرحت اور نوجوان اظہر علی نے110رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کی مشکل آسان کر دی۔عمران فرحت نے67 رنز بنائے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.