5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سبسڈی نہ ملی تو جڑواں شہروں کی50فیصدفلور ملز بند ہوجائینگی، ایسوسی ایشن
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . . . . آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے گندم پر سبسڈی نہ دی تو صرف راو لپنڈی اور اسلام آباد میں قائم53 فلار ملز میں سے50 فیصدکے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان طارق سیٹھی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے فلار ملز میں گندم پیسنے کی یومیہ صلاحیت10 ہزار ٹن ہے جو اس وقت تین ہزار ٹن کی سطح تک آپہنچی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت اس وقت ملوں کو ایک ہزار روپے فی40 کلوگرام کے نرخ پر گندم فراہم کر رہی ہے، جب کہ800 روپے فی40 کلوگرام سے زیادہ نرخ پر گندم خریدنے پر اسے بازار میں معیاری آٹے میں تبدیل کر کے بیچنا ممکن نہیں ہے۔ طارق سیٹھی نے کہا کہ اگر حکومت گندم800 روپے فی40 کلو گرام کے نرخ پر ملوں کو فرا ہم کرئے تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں ۔ اس طرح حکومت کو12 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرنی پڑے گی۔