5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
لکی مروت :ایک ہزار افرادسیمنٹ فیکٹری میں محصورہوکر رہ گئے
جنگ نیوز -
چینی انجینئرز، فیکٹری انتظامیہ اور کئی فیملیز بھی شامل ،احتجاج کررہے ہیں،مزدور رہنما
لکی مروت. . . .. . . .ضلع لکی مروت میں13 گھنٹے سے ڈنڈا بردارمزدوروں نے ایک ہزار افراد کوایک سیمنٹ فیکٹری میں محصور کررکھاہے۔جن میں چینی انجینئرز، فیکٹری انتظامیہ اور کئی فیملیز بھی شامل ہیں۔ڈپٹی جنرل منیجر لکی سیمنٹ فیکٹری انور طارق کے مطابق ڈنڈا بردار مزدوروں نے گزشتہ روز زبر دستی فیکٹری بند کرائی اور ایک ہزار سے زائد افراد کو فیکٹری ایریا کے اندر بند کردیا ۔ جن میں فیملیز اور اسٹاف کے علاوہ چینی انجینئرز بھی شامل ہیں۔انھوں نے الزام لگایا کہ پولیس کوتمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا تو ڈی پی او لکی مروت کا کہنا تھا کہ یہ آپ کا اندرونی معاملہ ہے۔انور طارق کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہونے کے باوجود بھی کوئی کارروائی نہیں کررہی۔جبکہ ڈنڈا بردار افراد نے فیکٹری کے چلتے ہوئے پلانٹ بھی بندکرادیے ہیں۔اس حوالے سے مزدورہنما محمد اسماعیل نے بتایاہے کہ گزشتہ روز فیکٹری انتظامیہ کے چند افرادنے ان پر تشدد کیاتھا جس کے خلاف مزدور احتجاج کررہے ہیں۔مزدور رہنما کا کہنا ہے کہ انتظامیہ گزشتہ کئی سالوں سے مزدور یونین نہیں بننے دے رہی اور ان کے مطالبات بھی تسلیم نہیں کیے جارہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔