5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
موٹے افراد میں ’سوریاٹک آرتھرائٹس‘ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے،تحقیق
جنگ نیوز -
سالٹ لیک سٹی…سینٹرل مانیٹرنگ…ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 18سال کی عمر میں موٹاپے کا شکار ہونے والے افراد میں ’سوریاٹک آرتھرائٹس‘ کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ”سوریاٹک آرتھرائٹس‘ ‘اس مرض کو کہتے ہیں جس میں داد اور چنبل جیسی جلدی بیماریوں کے ساتھ ساتھ ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض بھی پیدا ہوجاتے ہیں۔ 943افراد پر کی گئی اس تحقیق کے مطابق20فیصدافراد کو جو موٹاپے کا شکار تھے، 35سال کی عمر میں ’سوریاٹک آرتھرائٹس‘ کا مرض لاحق ہوا جبکہ ان کے مقابلے میں موٹاپے کا شکارنہ ہونے والے افراد اس مرض سے محفوظ رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ابتدائی مرحلے میں احتیاط نہ برتی جائے تویہ مرض ہڈیوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچاتاہے۔