تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

ایم کیوایم کے کارکن سید شفیق کرمانی شہید کا سوئم،رہنماؤں کی شرکت

جنگ نیوز -
کراچی…گزشتہ روز دہشت گردوں کے ایم کیوایم گلستان جوہر سیکٹر یونٹ Bپر آتشی ہتھیاروں سے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے یونٹ کمیٹی کے رکن سید شفیق کرمانی (رضوان ) شہید کا سوئماتوار کو امام بارگاہ آخری الزماں گلستان جوہر بلاک 19میں ہوا جس میں شہید کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی اور مجلس منعقد کی گئی ۔ سوئم کے اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان توصیف خانزادہ ، سیف یار خان ، حق پرست وزراء، حق پرست قومی وصوبائی اسمبلی ، سابق حق پرست بلدیاتی نمائندوں، ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی ، ایم کیوایم گلستان جوہر سیکٹر کمیٹی کے ارکان ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ دریں اثناء حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے ایم کیوایم گلستان جوہر سیکٹر یونٹ Bپر اے این پی کے مسلح دہشت گردوں کے حملے اور اس مذموم کارروائی میں یونٹ کمیٹی کے رکن سید شفیق کرمانی (رضواں شاہ) کی شہادت اور متعدد کارکنان کے زخمی ہونے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی شہر میں لینڈ مافیا ،ڈرگ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کی کھلے عام سرپرستی کررہی ہے اور اس کی چھتری تلے عوام کی جان و مال عدم تحفظ کا شکار ہوکر رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اے این پی کی جرائم پیشہ سیاست کے باعث ماضی میں بھی کئی بار شہر کا امن غارت ہوچکا ہے اور ایم کیوایم کے کارکنان سمیت معصوم عوام دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں قتل و غارتگری اور امن و امان کی خرابی کی تمام ذمہ داری بعض عناصر کی جانب سے ایم کیوایم پر عائد کردی جاتی ہے جبکہ ایم کیوایم قتل و غارتگری اور امن و خرابی کی ذمہ دار قوتوں کی کھلے عام نشاندہی کررہی ہے اور اس کے واضح ثبوت و شواہد بھی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی خرابی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی ذمہ داری ایم کیوایم کے سر عائد کرنے والے عناصر اس بات کا جواب دیں کہ شہر میں قتل وغارتگری اور امن و امان کی خراب صورتحال سے کس کو فائدہ ہوتا ہے ؟۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم شہر کراچی کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کا حق پرستانہ فکر وفلسفہ اورنظریہ ملک بھر میں فروغ پارہا ہے اور ملک نازک صورتحال کے پیش نظر ایم کیوایم ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی صبرو تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کررہی ہے لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ ہے کہ لینڈ مافیا ، ڈرگ مافیا اور ان کے سرپرستوں کو عوام کی جان ومال سے کھیلنے کی کھلی اجازت دیدی جائے ۔ حق پرست ارکان قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور زیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم گلستان جوہر سیکٹر یونٹ Bپر اے این کے مسلح دہشت گردوں کے حملے میں یونٹ کمیٹی کے رکن سید شفیق کرمانی (رضوان شاہ ) کی شہادت اور متعدد کارکنان کے زخمی ہونے کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتا کرکے سخت ترین سزا دی جائے ،اور عوام کی جان ومال کو مکمل تحفظ فراہم کیاجائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.