5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی :ٹارگٹ کلنگ کے واقعات جاری ،مزید3افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی شہر میں جاری فائرنگ کے واقعات میں مزید 3افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔رحمان ملک نے شر پسند عناصرک ے خلاف رینجرز کو کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے،جبکہ ینجرز اور پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کے شبہ اور جلاؤ گھیراؤ میں متعداد افراد کو گرفتار کرلیا۔۔اتوار کی صبح سے شام تک ٹارگٹ کلنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا لیکن رات گئے یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔اورنگی سیکٹر سولہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سنی تحریک کے دوکارکنوں کو زخمی کردیا جس کا مقدمہ پاکستان بازار تھانے میں درج کرلیا گیا جبکہ نامعلوم افراد نے گلشن اقبال بلاک چار میں مسافروں کو اتار کر منی بس کو آگ لگادی۔ گاڑیوں پر پتھراؤ اور ہوائی فائرنگ کرکے علاقے کو بند کرادیا ۔اس دوران فائرنگ سے تیس سالہ نوجوان نور حسن ہلاک ہوگیا۔ زمان ٹاؤن اور لیاری کلاکوٹ سے فائرنگ کے نتیجے میں دوافراد ہلاک ہوگئے۔ملیر کھوکھرا پار، میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے2افراد زخمی ہوگئے۔ادھرسرجانی پولیس نے بس جلانے کے الزام میں چھ افراد بشیر، عبدالسلام، عقیل، انصار، شاکر اور شہرت کو گرفتار کرلیا۔ رات گئے بھی شہر میں خوف کی لہر برقرارہے اور رینجرز نے ٹارگٹ کلنگ کے شبہ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے پرانی سبزی منڈی سے 25افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا ۔ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کورنگی اور گلشن اقبال میں ہونے والی فائرنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے صورتحال پر ڈی جی رینجرز سے تبادلہ خیال کیااور ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں چوالیس افراد کی ہلاکت کے بعد شہر کے بعض علاقوں میں حالات اب بھی کشیدہ ہیں۔