5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بارکھان کا سیلابی ریلا جعفر آباد کے قریب ،بچے کی لاش برآمد
جنگ نیوز -
کوئٹہ /راجن پور ... بارکھان سے سیلابی ریلا نصیر آباد میں داخل ہونے کے بعد جعفر آباد کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ادھر راجن پور میں ایک اور بستی زیر آب آگئی جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں بارشوں کے باعث متعدد کچے مکانات گرگئے۔سیلابی ریلا سے نصیرآباد کے علاقے ربیع کینال ، منجھوشوری کے علاقے زیر آب آنے کے ساتھ ساتھ سیلابی ریلا جھل مگسی اورجعفرآباد کے علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے جس سے شہر اور دیگر علاقوں میں بڑی تباہی کا اندیشہ ہے۔بارکھان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے ایک اور بچے کی لاش مل گئی ہے۔ اس طرح سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے30افراد میں سے اب تک 19 افراد لاشیں مل چکی ہیں جبکہ11 کی لاشیں تاحال نہیں مل سکی ہیں۔ بارکھان اور کوہلو میں متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزاررہے ہیں ۔متاثرہ علاقوں میں ادویات اور پینے کے پانی کی قلت پید اہوجانے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔پنجاب کے علاقہ راجن پور کے قریب ایک اور حفاظتی بندٹوٹنے سے بستی کاں زیر آب آگئی ہے جبکہ کوہ سلیمان سے آنے والا سیلابی ریلا فاضل پور سے گزرتا ہوا برس آباد پہنچ گیا ہے ۔ادھر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا آج چوتھے روز بھی زمینی رابطہ منقطع ہے اور ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام بھی تاحال شروع نہیں ہوسکا ہے۔ فاضل پورکے علاقے احمدانی میں سیلابی پانی سے تمام مکانات اور جھونپڑیاں منہدم ہوگئی ہیں اورمتاثرین کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔ جیونیوز پر خبرنشر ہونے کے بعد احمدانی کے علاقے میں تین دن بعد انتظامیہ کی جانب سے خوراک تقسیم کی گئی ۔صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع ٹانک کے مختلف علاقوں میں شدیدبارشوں سے درجنوں مکانات منہدم ہوگئے جبکہ گندم اور دیگر سامان بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔ لوگ اپنی مدد اپ کے تحت اپنے سامان کو ملبے سے نکالنے پر مجبور ہیں۔