تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

افغانستان میں پاکستانی ایجنسیوں کی دستاویزات سامنے آ گئیں

جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکا نے پاکستانی انٹیلی جنس ادارے کے افغان عسکریت پسندوں سے مبینہ روابط کے بارے میں خفیہ رپورٹ افشا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دے دیا۔ پاکستانی سفیر حسین حقانی کا کہنا ہے تمام ادارے دہشت گردوں کی سرکوبی کی پالیسی پر پوری طرح عمل کررہے ہیں۔صدر باراک اوباما کے مشیر قومی سلامتی جنرل جیمز جونز نے ایک بیان میں کہا کہ کچھ افراد اور اداروں کی جانب سے مبینہ معلومات پر مبنی دستاویز افشا کیے جانے سے امریکیوں اور ان کے اتحادیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑسکتی ہیں، جب کہ اس سے امریکا کی قومی سلامتی کو بھی خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ جیمز جونز نے توقع ظاہر کی کہ اِس غیر ذمہ داری سے امریکا کے پاکستان اور افغانستان سے گہرے تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور نہ ہی مشترکہ دشمن کو شکست دینے کے عزم اور پاکستانی اور افغان عوام کی آرزوؤں کے احترام پر کوئی آنچ آئے گی۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق افشا کی گئی دستاویز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے اپنی انٹیلے جنس سروس کے نمائندوں کو افغان طالبان سے براہ راست ملاقات کرنے کی اجازت دی۔ یہ خفیہ دستاویز نیویارک ٹائمز کے علاوہ برطانیہ کے گارجین اور جرمنی کے دار اسپیگل کو وِکی لِیکس نے فراہم کیں۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیر حیسن حقانی نے خفیہ دستاویز منظر عام پر لانے کو غیر ذمہ دارانہ حرکت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ افواہ پر مبنی ایک ہی ذریعے سے حاصل کردہ تبصرہ ہے۔ ایسی افواہوں کا اگر گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو اکثر غلط ثابت ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت جمہوری طریقے سے منتخب صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں دہشت گردوں سے لڑائی اور انہیں تنہا کرنے کی حکمت عملی پر کاربند ہے۔ پاکستانی افواج اور خفیہ ادارے بھی اس پالیسی پر موثر طریقے سے عمل پیرا ہیں۔ حسین حقانی کا کہنا تھا کہ وِکی لِیکس کی جانب سے پھیلائی گئی دستاویز موجودہ زمینی حقائق سے بالکل بھی مطابقت نہیں رکھتیں۔ امریکا، پاکستان اور افغانستان اسٹرٹیجک اتحادی ہیں اور مشترکا طور پر القاعدہ اور طالبان کو سیاسی اور عسکری طور پر شکست دینے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.