5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
افغانستان:ڈرون حملے کارروائیوں میں رکاوٹ ہیں،طالبان
جنگ نیوز -
لندن…فارن ڈیسک…افغانستان میں طالبان نے اعتراف کیا ہے کہ ڈرون حملے ان کی کارروائیوں میں رکاوٹ ہیں تا ہم طالبان کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں سے عسکریت پسندی کو محض عارضی طور پر روکا جا سکتا ہے۔برطانوی اخبار’گارجین ‘ نے طالبان کے ترجمان کے حوالے سے کہا کہ بغیر پائلٹ ائرکرافٹ کے استعمال میں اضافہ نے طالبان کو آپریشن تبدیل کرنے پر مجبور کیا ہے لیکن ان ڈرونز کے حملوں کے غصے سے طالبان میں نئے لوگ بھی بھرتی ہورہے ہیں ۔طالبان اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ امریکی ڈرونز حملے افغانستان میں ان کی کارروائیوں میں رکاوٹ ہیں لیکن یہ صرف وقتی رکاوٹ ہے۔امریکی صدرا وباما کے اقتدار میں آنے سے طالبان اور دیگر عسکریت پسندوں پر امریکی ڈرونزحملوں میں اضافے کے ردعمل پر طالبان کے ترجمان محمد عمر نے کہا کہ ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بہت مضبوط ہے لہٰذا وہ زیادہ متاثر نہیں ہوں گے۔ ڈرنز حملوں کے غصے کے نتیجے میں طالبان میں نئے لوگ بھرتی ہو رہے ہیں اور ’نیا خون‘ آنے سے ہماری ہمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔