5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سرگودھا: ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ، کئی اسٹیشنز پر جھگڑے، ووٹنگ متاثر
جنگ نیوز -
سرگودھا …سرگودھا کے حلقہ پی پی34میں پولنگ جاری ہے، بعض پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ بروقت نہ پہنچنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ بعض پولنگ اسٹیشنز پر پارٹی کارکنان کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولنگ کچھ دیر تک معطل رہی۔حلقہ پی پی34 میں پولنگ شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد گہما گہمی شروع ہوئی۔ امیدوار اور ان کے حامی اپنے ووٹروں کو کاروں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں میں بٹھا کر پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے میں مصروف ہیں ۔اس دوران مسلم لیگ ن کے امیدوار تبریز گل اور آزاد امیدوار اعجاز احمد کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے بعد عبداللہ کالونی اور46 شمالی کے پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ روک دی گئی۔تاہم کچھ دیر بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔سرگودھا کے حلقہ پی پی34میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ51ہزار902ہے جن میں81554 مرد اور70348 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔اس نشست پر مسلم لیگ نواز کے چوہدری رضوان گل کو ڈگری جعلی ثابت ہونے کے بعد عدالت کی جانب سے نااہل قرار دے دیا گیاتھا۔