5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ غلط تھا،چیئر مین پاکستان اسٹیل
جنگ نیوز -
کراچی …پاکستان اسٹیل کے قائم مقام چیئرمین امتیاز لودھی کا کہنا ہے کہ ادارے میں مالیاتی بحران کے دوران اس سال ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ غلط تھا۔ پاکستان اسٹیل کے قائم مقام چیئرمین امتیاز لودھی نے جیو نیوز سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ پاکستان اسٹیل کیلئے25 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج منظور ہوا ہے جبکہ ادارے کے خسارے میں کمی کیلئے سپلائرز سے دوبارہ بات چیت کرنے کی ضرورت تھی جو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپلائر سے طے شدہ قیمت پر دوبارہ بات چیت کی جاسکتی تھی۔امتیازلودھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو پاکستان اسٹیل کے ڈیلرزکو پریشان کرنے کے بجائے ہم سے بات کرنی چاہیے کیوں کہ ادارے کے کوئی بھی واجبات ایسے نہیں ہیں جس کے لیے ڈیلرز کو پریشان کیا جائے اورڈیلرز ادارے کی جانب سے مقرر کی گئی قیمت پر ہی بلٹس لیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان اسٹیل کے واجبات کیلئے کو ئی نوٹس جاری کیے گئے ہیں تو اسے دیکھا جائیگا اور اگر ان واجبات کی وصولی میں کوئی ملازم بد عنوانی میں ملوث پایا گیا تو کارروائی کی جائے گی۔