5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سندھ بھر میں اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
کراچی…سندھ بھر میں اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کے ریکارڈ کی ازسرنو جانچ پڑتال اور ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیہ کے مطابق صوبہ بھر میں جاری کئے گئے اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کے ریکارڈ کی ازسرنو جانچ پڑتال اور ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس عمل کی نگرانی کیلئے سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں صوبائی سطح پر ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائیگی جبکہ ضلعی سطح پر ڈی سی اوز اس عمل کی نگرانی کریں گے ،یہ عمل6ماہ میں مکمل کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ داخلہ نے اب تک جنہیں اسلحہ لائسنس اور پرمٹ جاری کئے ہیں انہیں دوبارہ ایک فارم دیا جائیگا اور تمام کوائف کا دوبارہ اندراج ہوگا۔ کوائف ملنے کے بعد اس فارم کی تصدیق کیلئے پولیس کو بھیجا جائیگا اور پولیس کلیئرنس ملنے کے بعد ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے محکمہ داخلہ کو دوبارہ بھیجا جائیگا کلیئرنس نہ ملنے والے فارم کو مسترد کرتے ہوئے اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کو منسوخ کردیا جائیگا۔ اسلحہ لائسنس اور پرمٹ کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے کے بعد حکومتی اداروں کے درمیان اس ریکارڈ کو آن لائن کردیا جائیگا ۔ محکمہ داخلہ اس حوالے سے سمری تیار کر رہا ہے جو منظوری کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی جائیگی اور اس کے بعد عملی کام شروع کردیا جائیگا۔