تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ بحری جنگی مشقیں جاری

جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی/نمائندہ جنگ…شمالی کوریا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے امریکا اور جنوبی کوریا کی بحری جنگی مشقیں جاپان کی سمندری حدود میں جاری ہیں جس میں امریکا اور جنوبی کوریا کی بحری افواج شرکت کر ر ہی ہیں، جب کہ جاپانی افواج بحیثیت مبصر ان مشقوں میں شامل ہیں۔امریکا ،جنوبی کوریا اور جاپان کی جانب سے کی جانے والی ان بحری فوجی مشقوں میں آٹھ ہزار فوجی شرکت کر رہے ہیں جب کہ بیس سے زیادہ بحری جنگی جہاز ان مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں اور ایٹمی ہتھیاروں سے لیس امریکی ائر کرافٹ کیریئر تباہ کن بحری جہاز ’جارج واشنگٹن‘ ا ن مشقوں میں اہم کردار ادا کرر ہا ہے۔ان مشقوں میں آبدوزیں بھی حصہ لے رہیں ہیں۔ امریکا اور جنو بی کوریا کی یہ بحری مشقیں چار دن تک جاری رہیں گی جس میں مستقبل میں شمالی کوریاکی جانب سے کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کے لیے مشقیں کی جائیں گی۔دوسری جانب شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کی جانب سے جنگی مشقوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی افواج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے اور انتباہ جاری کیا ہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کی افواج کی جانب سے کسی بھی ’شرارت‘ کا بھرپور جواب دیا جائے گا ، جس میں مہلک ہتھیارو ں کے استعمال سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل شمالی کوریا کی آبدوز نے مبینہ طور پر جنوبی کوریا کے بحری جہاز کو تارپیڈو سے نشانہ بنایا تھا جس سے جنوبی کوریا کے 46فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد سے دونو ں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہاکو پہنچی ہوئی ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.