5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
جاپان،میاں راشد حسین کی شہادت پر پاکستانی کمیونٹی کا اظہار تعزیت
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی/نمائندہ جنگ…عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کے گھر کے باہر گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے اور اس سے قبل ان کے جواں سال صاحبزادے میاں راشد حسین کی شہادت پر جاپان میں مقیم تمام سیاسی جماعتوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے کے ذمے داروں کے خلاف سخت سے سخت اور فوری کاروائی کی جائے۔ اس حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی جاپان کے صدر نعیم خان اور سینئر رہ نما محبوب علی خان نے میاں افتخار حسین کے صاحبزادے کی شہادت اور ان کے گھر کے باہر ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق اور باطل کی جنگ میں انشاء اللہ جیت حق کی ہی ہوگی ،دہشت گرد اسلام کے نام پر معصوم لوگوں کی جان لے کر انسانیت اور اسلام دونوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی اور قربانیاں دے کر ملک کی سلامتی کو برقرار رکھے گی۔انھوں نے میاں افتخار حسین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئر کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود ،پیپلز پارٹی جاپان کے صدر نعیم آرائیں اور منہاج القران جاپان کے صدر انعام الحق سمیت دیگر رہ نماؤں نے اپنے مذمتی بیانات میں میاں افتخار حسین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں افتخار حسین نے اپنے جواں سال صاحب زادے کی قربانی دے کر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور امید کرتی ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک قومی اور صوبائی حکومتیں جدوجہد جاری رکھیں گی ۔