5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سبی کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع نہ ہوسکیں
جنگ نیوز -
سبی …سبی کے علاقے ٹلی ، بختیار آباد،کو ہلو اور بارکھان میں چھٹے روز بھی سیلاب سے متاثر ہ علاقوں میں امدای کارروائیاں شروع نہیں ہو سکی ہیں ۔سات روز قبل کوہلو اور بارکھان میں ڈیم ٹوٹنے سے آنیوالے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب بھی امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی جا سکی ہیں جس سے متاثرہ افراد کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔کوہلو اور بارکھان کو ملانے والے پل کا مرمتی کام بھی شروع نہیں ہو سکا ہے اور دونوں علاقوں کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔سبی کے علاقے بختیار آباد اور لہڑی میں امدادی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ٹلی میں ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی امداد نہیں پہنچی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق نصیر آباد ،بارکھان اور کوہلو میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بارشیں ہوئیں توان علاقوں میں مزید تباہی ہو سکتی ہے۔چھ روز سے بلوچستان کا ملک بھر سے ریلوے ٹریفک بھی منقطع ہے ۔بختیار آباد میں ریلوے لائن کی مرمت تاحال نہیں کی جا سکی ہے ۔ریلوے ٹریفک متاثر ہونے کی وجہ سے ٹرانسپوٹرز نے فی مسافر دو سو سے تین روپے کرایہ میں اضافہ کردیا ہے ۔