5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پنجاب سندھ بلوچستان اور شمالی علاقوں میں بارشیں
جنگ نیوز -
اسلام آباد…پنجاب سندھ بلوچستان اور شمالی علاقوں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب سندھ ،خیبر پختوانخوا،کشمیر،بلوچستان کے مشرقی علاقوں اور ہزارہ ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں آج سے موسلادھار بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ۔گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا،ڈیرہ غازی خان میں متوقع بارشوں کے باعث ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔پشاور میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی جبکہ خیبر پختوانخوا کے دیگر علاقوں ڈی آئی خان،بنوں، کوہاٹ، مردان میں آج بارش کی توقع ہے ، بلوچستان میں بارکھان،کوہلو،ڈیرہ بگٹی، سبی ژوب ، نصیرآباد،بولان اور جھل مگسی میں بھی موسلادھاربارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کشمیر، ہزارہ، بالائی و وسطی پنجاب اور سندھ کے بعض مقامات پر بارش ہوئی، بالاکوٹ میں 71 ملی میٹر، مظفرآباد 35، راولاکوٹ 21، سیالکوٹ 64، دیر 25، کوہاٹ 32 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کراچی میں 39، مٹھی 32، نواب شاہ 17 اور ٹھٹہ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور اور ملتان میں سب سے زیادہ گرمی پڑی جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے کراچی سمیت سندھ بھر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔