تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

آزاد عدلیہ کا یہ مطلب نہیں کہ ججوں کی نوکریاں بچ جائیں،چیف جسٹس

جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی حکومت کے وکیل نے آئین میں18ویں ترمیم کے مقدمہ میں سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کا تصور تسلیم نہ کیا جائے ، ججوں نے ریمارکس میں کہا ہے کہ پارلے منٹ فعال ہے تو سپریم کورٹ بھی فعال ہے ، ججز تقرر کا نیا طریقہ کار ، آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ نہیں ہے ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے17 رکنی بنچ نے 18ویں ترمیم کے خلاف درخواستوں کے مقدمہ کی سماعت کی ۔وفاقی حکومت کے وکیل وسیم سجاد نے دلائل میں کہا کہ قرار داد مقاصد سے متعلق آرٹیکل2اے کو بنیاد بنا کر آئین کا جائزہ نہیں لیا جاسکتا، اس پر جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل2 اے میں آئین بنیادی ڈھانچہ دیا گیا ہے۔ وسیم سجاد نے کہا کہ آئین کے خدوخال طے کرنا سیاسی سوال ہے، اسے طے کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور پارلیمنٹ نے ہی طے کرنا ہے کہ آئین کا کون سا حصہ ناقابل ترمیم ہے ۔ جسٹس رمدے نے کہا کہ آئین میں ترمیم کا جائزہ لینے کا اختیار عدالت کے پاس ہے، انہوں نے وسیم سجاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ یہ وکالت کرناچاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ غلط کام کرے اور عوام سڑکوں پرنکلیں ، لاشیں گریں اور عوام طاقت سے فیصلہ تبدیل کرالیں۔ انہوں نے پوچھا کہ بتائیں وہ کون سا ملک ہے جہاں ججوں کو قید کردیا جاتا ہے ، چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ریمارکس میں کہا کہ آزاد عدلیہ کا یہ مطلب نہیں کہ ججوں کی نوکریاں بچ جائیں بلکہ اس کا مطلب ہے کہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد ہو، وسیم سجاد نے کہا کہ عدالت آئین کے بنیادی ڈھانچے کا تصور تسلیم نہ کرے کیونکہ ایسا کرنے کے نتائج بہتر نہیں ہوں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ ، پارلیمنٹ سے دانش لیتی ہے، جسٹس رمدے نے کہا کہ کسی نے پارلے منٹ کے خلاف بات نہیں کی، صرف یہ کہا گیا کہ ججز تقرر کے نئے طریقہ کار سے عدلیہ سیاست زدہ ہوگی، جسٹس آصف کھوسہ نے ریمارکس میں کہا کہ اگر مقصد عدلیہ کی آزادی ہے تو اس کا طریقہ کار بنیادی ڈھانچے کا حصہ نہیں ہے ، مقدمہ کی مزید سماعت کل ہوگی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.