5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کراچی :لانڈھی میں پولیس مقابلہ،بچی جاں بحق، خاتون سمیت4ڈاکوگرفتار
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ایک بچی ہلاک ہوگئی جبکہ خاتون اور تین زخمی ڈاکوؤں کو گرفتارکرلیاگیا۔پولیس نے پہلے ایک زخمی ڈاکو کو مردہ قرار دیدیا تھا۔کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع بابر مارکیٹ کے قریب مکان میں ڈکیتی کیلئے گھسنے والے ڈاکوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے نتیجے میں مکان میں رہائش پزیر11 سالہ بچی حنا جاں بحق ہوگئی جبکہ دو زخمی ڈاکوؤں اور خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔فائرنگ کا تبادلہ دوپہر ایک بجے شروع ہوا جو ساڑھے تین تک گھنٹے جاری رہا۔مقابلے کے دوران زخمی ہونے والے دو ڈاکوؤں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے کے بجائے لانڈھی تھانے منتقل کردیا گیا۔میڈیا نمائندوں کے متعلقہ تھانے میں پہنچنے کے بعد میڈیا کو کووریج سے روکا گیا۔تاہم میڈیا نمائندوں نے اندر داخل ہونے کے بعد جب زمین پر پڑے ڈاکوؤں کی فوٹیج بنائی تو وہ زندہ تھے اور ہاتھ ہلارہے تھے جبکہ ایک ڈاکو کو پولیس حکام پہلے مردہ قرار دے چکی تھے۔جس کے بعد ایک ڈاکو کو اسپتال منتقل کردیاگیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت سائرہ خاتون،اعجاز،ایاز عرف بابر اور انوار کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈکیتی سے ایک گھنٹہ قبل لانڈھی کے علاقے سے موٹرسائیکل بھی چھینی تھی۔