5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رواں ہفتے فلم کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیدیا جائے گا، پیر آفتاب جیلانی
جنگ نیوز -
لاہور…وفاقی وزیرثقافت پیر آفتاب جیلانی نے کہا کہ حکومت فلم انڈسڑی کی بحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے اوراسی ہفتے فلم کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیدیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عید پر سینماؤں میں پاکستانی فلموں کی نمائش کو ترجیح دی جائے گی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرثقافت نے کہا کہ وہ فلم انڈسڑی کے مختلف شعبوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں ۔حکومت نے فلم انڈسڑی کو مکمل زوال سے بچانے کا تہیہ کر لیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی فلموں کے نمائش کے لئے انڈین فلموں کو کچھ دیر کے لئے روکاجاسکتا ہے ۔ صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سینما مالکان کو مجبور کریں کہ اگر وہ پلازہ بنانا چاہتے ہیں تو اس میں سینما ضرور رکھیں۔پیر آفتاب نے ایک اکیڈمی میں رقص کی ریہرسل بھی دیکھی ۔