5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پاکستان کو دی جانیوالی فوجی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنارہے ہیں،امریکا
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کو دی جانے والی امداد کے شفاف استعمال کو دو طرفہ معاہدوں کے تحت یقینی بنایا جارہا ہے۔ ماضی میں نظر رکھی اور مستقبل میں بھی یقینی بنائیں گے کہ یہ بھارت کے خلاف استعمال نہ ہو۔واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ مستحکم پاکستان کو بھارت کیلئے خطرہ اور نہ ہی مضبوط بھارت کو پاکستان کے خلاف خطرہ سمجھنا چاہیے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد کا دو طرفہ معاہدوں کے تحت شفاف استعمال یقینی بنانے کیلئے نظام موجود ہے۔ اگر اس بارے میں واشنگٹن کو کوئی تشویش ہوئی تو اسے اسلام آباد کے سامنے براہ راست اٹھایا جائے گا۔ ماضی میں بھی امداد کے درست استعمال کو یقینی بنایا ہے اور مستقبل میں اسے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کی اپنی سرحدوں کے اندر خطرات سے نمٹنے کیلئے صلاحیتیں بڑھانے سے بھارت خوفزدہ نہ ہو۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری امریکا سمیت تمام دنیا کیلئے سودمند ہوگی۔ کراؤلی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے بارے میں مشترکا طور پر پائی جانے والی تشویش کو پاکستانی حکومت تک پہنچاچکے ہیں۔ افغانستان کے مسئلے کا حل پاکستان کے بغیر ممکن نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عام شہریوں کی ہلاکتیں امریکا میں نائن الیون میں مرنے والوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان اُن دہشت گرد عناصر کو کچلنے کیلئے موثر کارروائیاں جاری رکھے گا جو ناصرف خود اس کیلئے بلکہ امریکا سمیت دیگر ممالک کیلئے بھی خطرہ ہیں۔