تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

اسلام آباد طیارہ حادثہ، تمام افراد جاں بحق، 102لاشیں نکال لی گئیں

جنگ نیوز -
کراچی …کراچی سے آنے والا نجی ائیرلائن کا ایک مسافر طیارہ اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا ، طیارے میں ایک سو46مسافراورعملے کے چھ ارکان سوارتھے۔وزیرداخلہ رحمان ملک کاکہناہے کہ طیارے میں سوار تمام 152 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ انتہائی دشوار گزار جائے حادثہ پر مسلسل بارش کے دوران بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں اورلاشیں نکالنے کاکام جاری ہے۔ 102لاشیں نکال لی گئیں ، جن میں سے 40لاشیں پمز اسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ بد قسمت پروازنے کراچی سے صبح سات بج کر50 منٹ پر پرواز کی اور صبح ساڑھے نو بجے ، اسلام آباد کے بے نظیربھٹوانٹرنیشنل ائیرپورٹ پراترناتھا ، تاہم اطلاعات کے مطابق طیارے کالینڈنگ سے اٹھارہ منٹ پہلے ہی ائیرپورٹ کنٹرول ٹاور سے رابطہ ختم ہوگیا۔ مارگلہ کی پہاڑیوں کے قریبی علاقہ میں موجود عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حادثہ کے وقت مسلسل بارش جاری تھی اورطیارہ انتہائی نیچی پروازکررہاتھا۔ ڈی آئی جی پولیس بن یامین کے مطابق طیارہ ، مارگلہ کی پہاڑیوں کی ایک بلند چوٹی سے ٹکرایا اور اس کا ملبہ چوٹی کے دونوں اطراف پھیل گیا۔حادثے کی اطلاع کے بعدوزیرداخلہ رحمان ملک نے اپنے پہلے بیان میں دعوٰی کیاکہ جائے حادثہ سے پانچ زخمیوں کونکال لیاگیاہے جس پرجیونیوزنے جڑواں شہروں کے اسپتالوں ،ملٹری اسپتال، سی ایم ایچ ، شفا انٹرنیشنل ، پمزاورپولی کلینک میں رابطہ کیاتومعلوم ہواکہ وہاں کوئی زخمی نہیں لایاگیا۔ابھی چندہی گھنٹے گزرے تھے کہ وزیرداخلہ نے اپنابیان تبدیل کرتے ہوئے کہاکہ طیارے میں سوارتمام افرادجاں بحق ہوگئے ہیں ۔طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں حادثے کے مقام کی طرف روانہ ہوگئیں ۔ جائے حادثہ انتہائی بلند اور دشوار گزار ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں کیلئے وفاقی حکومت اور فوج کے ہیلی کاپٹرز بھی روانہ کئے گئے۔ امدادی ٹیموں کو پہاڑیوں کے طویل سلسلے اورگھنے جنگلات کے باعث مشکلات کاسامناہے۔ طیارے میں یوتھ پارلیمنٹ کے6ارکان بھی شامل تھے۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فوج ، پولیس ، شہری انتظامیہ اوردیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں ، جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئیں۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے،جبکہ وزارت دفاع سے ابتدائی انکوائری رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔ طیارے کوپیش آنیوالے حادثے کے باعث ایک روزہ قومی سوگ کااعلان کرنے کے بعدوفاقی کابینہ کا، صبح ہونیوالے اجلاس ملتوی کر دیا گیا، وزیراعظم نے پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ حادثے کے مقام کافضائی جائزہ بھی لیا۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.