5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
طیارہ حادثے میں یوتھ پارلیمنٹ کے بھی چھ ارکان جاں بحق ہوئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…کراچی سے اسلام آباد آنے والی بدقسمت پروازمیں یوتھ پارلیمنٹ کے وزیراعظم حسن جاویدخان سمیت چھ ارکان بھی جاں بحق ہوگئے۔ ارکان یوتھ پارلیمنٹ آخری سیشن میں شرکت کے لئے اسلام آبادآرہے تھے۔ جاں بحق ہو نے والوں میں یوتھ پارلیمنٹ کے وزیر اعظم حسن جاوید خان،وزیر اطلاعات سیدہ رباب زہرا نقوی ،سماجی بہبود کے وزیر پریم چند اور اپوزیشن ارکان سید ارسلان احمد ،اویس بن لئیق اور بلال جامی شامل ہیں ۔تمام ارکان کاتعلق صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں سے تھا ۔یوتھ پارلیمنٹ کا چار روزہ اختتامی سیشن آج دوپہر12 بجے شروع ہونا تھا، جس میں شرکت کے لئے چالیس اضلاع کے ارکان اسلام آبادپہنچ چکے تھے تاہم قائدایوان اوراپوزیشن ارکان کے جاں بحق ہونے کے بعد اجلاس ملتوی کردیاگیاہے۔