تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

صوبہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں بارشوں سے تباہی،36افراد جاں بحق

جنگ نیوز -
پشاور…صوبہ خیبر پختونخواہ سمیت قبائلی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی۔ بجلی گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ کر36افراد جاں بحق ہوگئے اور سیکڑوں کچے مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ دریائے سوات کا پانی پانی چارسدہ شہر میں داخل ہوگیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔محکمہ آبپاشی چارسدہ کے مطابق دریائے سوات میں سیلاب کے باعث مالاکنڈ ڈویژن کے علاقہ امان درہ سے منڈا ہیڈ پر پانی کا اخراج ایک لاکھ سات سو پچاس کیوسک ہوگیا ہے جو کہ گزشتہ 26 سال میں ایک ریکارڈ ہے۔سیلابی ریلہ چارسدہ میں داخل ہوگیا ہے اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں۔ سو سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ چارسدہ پشاور روڈ مکمل طور پر بند ہے، دلدار گڑھی میں رابطہ پل سیلاب میں بہہ گیا ہے۔سوات کے علاقے مدین میں رابطہ پل ٹوٹنے سے مینگورہ اور کالام کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔بحرین میں22مکانات منہدم ہوگئے ہیں جبکہ مٹہ کے علاقے شوک درہ میں دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ ضلع شانگلہ کے علاقہ غوربن ڈیرئی میں بجلی گرنے سے9 اور مکانات کی چھتیں گرنے سے چارافراد جاں بحق جبکہ4 افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ شانگلہ کے علاقہ شاہ پور، لیلونئی، چکیسر اور دیگر علاقوں میں 7 پل اور 8 کچے مکانات بہہ گئے ہیں۔ کوہستان کے علاقے داسو اور پٹن میں تین افراد اور مانسہرہ میں تین خواتین سمیت چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے، اوگی میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔شمالی وزیرستان میں میران شاہ کے علاقے اسپلگہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جنوبی وزیرستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے بعد سیلابی پانی ٹا نک میں داخل ہوگیاہے ۔لکی مروت میں سرائے گمبیلہ کے قریب سیلابی ریلے نے چار افراد کو نگل لیا۔ کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں سیلابی ریلے کے باعث مرکزی بازار سمیت کئی مکان زیر آب آگئے ۔بنوں میں بھی سو سے زاید کچے مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔نوشہرہ میں موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی کئی شاہراہیں اور گلیاں زیر آب ہیں ۔ ضلعی انتظامیہ نے دریائے کابل کے کنارے رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.