5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
طیارہ حادثہ:فٹبالر میشا داؤد بھی جاں بحق، چمپئن شپ کا ماحول سوگوار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اسلام آباد میں طیارے کے افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 152 افراد میں کراچی کی فٹبالرمیشا داؤد بھی شامل تھی، جوکراچی سے اسلام آباد چھٹی قومی خواتین فٹ بال چمپئن شپ میں شرکت کیلئے جا رہی تھی۔ میشا کی افسوس ناک موت نے چمپئن شپ کا ماحول سوگوار کر دیا۔19سالہ میشا داؤد کراچی کے دیا کلب کی کھلاڑی تھی۔ وہ پڑھائی کی مصروفیت کے باعث ٹیم کے ساتھ اسلام آباد نہ پہنچ سکیں اور آج انہوں نے اپنے کلب کی جانب سے پہلا میچ کھیلنا تھا لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ان کی ساتھی فٹبالرز ان کی راہ ہی تکتی رہ گئیں۔ ان کی وفات کی خبر ساتھی فٹ بالرز پر بجلی بن کر گری۔دیا کلب کا پہلا میچ پنجاب کی ٹیم کے خلاف تھا اور میشا داؤد18 رکنی اسکواڈ کا حصہ تھیں۔ ان کے جدا ہونے کی خبر پر میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ان کی ساتھی فٹ بالرز کا کہنا ہے کہ وہ میشا کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔میشا داؤد کی وفات نے اس کی ساتھی فٹ بالرز کو شدید افسردہ کر دیا اور وہ میچ کے بعد پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔دیا کلب کراچی نے اپنا پہلا میچ طیارے کے المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والی فٹ بالر میشا داؤد کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔