تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

خیبر پختونخوا :بارشوں اور سیلاب سے درجنوں ہلاک،متعدد مکانات منہدم

جنگ نیوز -
پشاور . . . خیبر پختونخوا میں بدترین سیلاب سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ درجنوں مکانات،ہوٹل اوردکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہیں ۔سوات اور شانگلہ میں شدید بارشوں اور دریائے سوات میں طغیانی سے بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے ۔ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں اور سوات کے علاقوں بحرین ،مدین ،مٹہ ،کانجو اور کبل میں سیلاب سے41 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔مینگورہ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پولیس لائن کو خالی کرالیاگیاہے۔ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں رابطہ پل بہہ جانے سے شاہراہ ریشم بندہوگئی ہے ۔جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کا رابطہ ملک بھر سے منقطع ہوگیا ہے۔کالام میں سیلابی ریلے میں7 ہوٹل،60 دکانیں اور9مکانات بہہ گئے ہیں ۔نوشہرہ میں سیلا ب سے چار افراد ہلاک ہوئے ۔نوشہرہ کلاں ، اضاخیل، خیر آباد ،پیرسباق سمیت دیگر علاقے مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ اضاخیل مہاجر کیمپ سے مہاجرین کا انخلاشروع کردیا گیا ہے ۔جی ٹی روڈ پر برساتی نالے کا پانی آنے سے ٹریفک معطل ہوگیاہے۔دیر بالا کے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات ،21 رابطہ پل ،13 اسکول اور ہزاروں ایکڑزمینیں زیر آب اور21افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں ۔مختلف مقامات پر بارہ سو افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔لوئر دیر میں مسلسل بارش سے آنے والے سیلاب میں8 افراد بہہ گئے اور6 رابطہ پل گر گئے ۔تحصیل بالام بٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی حاجی عنایت خان کا مکان بھی سیلاب میں بہہ گیا ۔چارسدہ میں بارش اور سیلاب سے سیکڑوں مکان بہہ گئے ۔ آرمی کی جانب سے ریسکیو آپریشن کے لئے دو کشتیاں فراہم کردی گئی ہیں ۔کوہاٹ میں برساتی نالے میں طغیانی سے نالے پر قائم پل اور متعدد افراد پانی میں بہہ گئے ۔بٹگرام کی تحصیل الائی میں نوگرام برج،بیاری برج اور ایک سرکاری ریسٹ ہاؤس سیلابی ریلے میں بہہ گیا ۔ دریائے گلگت میں اونچے درجے کے سیلاب سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں ۔تاریخی چنارباغ اور اس سے ملحقہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت بھی زیر آب آگئی ہے ۔خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں چالیس سے زائد مکانات سیلابی پانی میں بہہ گئے اور مکان کی چھت گرنے سے دو بچے زخمی ہوگئے ہیں ۔ تحصیل جمرود میں پانچ افراد زخمی ہوئے ۔ سیلابی ریلہ آنے کی وجہ سے پاک افغان شاہراہ اور مہمند باجوڑ روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.