5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
دنیا میں ہاتھیوں کاپہلا اسپتال تھائی لینڈ میں قائم
جنگ نیوز -
سمپانگ . . . سینٹرل مانیٹرنگ . . . ہاتھیوں کے زخمی اوربیمار ہونے یا دیگر غیر قدرتی آفات میں پڑجانے کے بعد علاج کی کوئی سہولت دنیا کے کسی ملک میں موجود نہیں ہے۔ ہاتھی جیسے جسم اور لحیم شحیم جانور کے علاج کے متعلق کسی انسان نے آج تک سوچا ہی نہیں۔یہی نہیں بلکہ جن ممالک میں ہاتھیوں کی بڑی تعداد پائی جاتی ہے وہاں بھی اس سلسلے میں حکومتی یا انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوئی کوشش نہیں کی گئی لیکن تھائی لینڈ میں ایک مسلم خاتون نے دنیا کا پہلا اور واحد ہاتھی اسپتال قائم کرکے اس وہم کو ختم کردیا ہے کہ ہاتھی کا علاج ممکن نہیں ہے۔52سالہ سعودی افغان نسل سُرانیدہ سلوالہ جو تھائی لینڈ کی شہریت رکھتی ہیں، کا کہنا ہے کہ ہاتھی کا علاج کرانا ان کے بچپن کا خواب تھا جب انہوں نے اپنے والد کے ساتھ ایک بیمار ہاتھی کو دیکھا تھا۔آج تھائی لینڈ کے شہر سمپانگ میں قائم Friends of the Asian Elephant (FAL)نامی دنیا کا واحد اور پہلا اسپتال اس بات کا ثبوت ہے کہ ہاتھیوں کا بھی علاج کیا جاسکتا ہے۔ سُرانیدہ نے اس پروجیکٹ پر 1994 ء میں کام کا آغاز کیا تھا جو بالآخر گزشتہ دنوں ایک آپریشن تھیٹر کے قیام کے ساتھ مکمل ہوگیا۔ ہاتھیوں کا یہ اسپتال 10انفرادی یونٹ پر مشتمل ہے جس میں بیک وقت10ہاتھیوں کا علاج ہوسکتا۔8ملین بھات(تقریباً 2.5 لاکھ امریکی ڈالر) کی لاگت سے تعمیر کیے گئے اس اسپتال میں اب تک 100 ہاتھیوں کا کامیاب علاج کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ 30سال قبل تھائی لینڈ میں 30لاکھ50ہزار ہاتھی پائے جاتے تھے لیکن آج ان کی تعداد بمشکل 2سے 3ہزار کے درمیان ہے۔