5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ڈاکٹر عافیہ کو عمر قید نہیں،12سال کی سزا سنائی جائے، وکیل کی درخواست
جنگ نیوز -
نیو یارک . . . امریکا میں قید پاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکلا نے مین ہٹن کی عدالت سے درخواست کی ہے کہ عافیہ کو عمر قید کے بجائے بارہ سال جیل میں رکھنے کی سزا دی جائے۔نیویارک کی مین ہٹن ڈسٹرکٹ کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں وکلائے صفائی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ سے جرم ذہنی علالت کے باعث سرزد ہوا۔ وکلا نے درخواست میں تحریر کیا ہے کہ عافیہ کی ذہنی علالت کس درجے کی اور کس حد تک ہے۔ یہ معاملہ بحث طلب ہے۔ لیکن یہ بات بالکل واضح ہے کہ اسکے غیر معقول طرز عمل کا شکار کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود بنی۔ غزنی، افغانستان میں عافیہ صدیقی کا طرز عمل ناسمجھی کی بنیاد پر تھا۔ اور وہاں قید میں امریکی اہلکاروں کی جانب سے خوفناک سلوک کے تصور نے اسے فرار کیلئے ہر ممکن طریقہ استعمال کرنے پر مجبور کیا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کا فیصلہ سنانے کیلئے اگلے مہینے کے وسط کی تاریخ دی گئی ہے۔ لیکن امکان ہے کہ اسے ستمبر یا مزید آگے بڑھادیا جائیگا۔ مین ہٹن کی عدالت نے فروری میں عافیہ کو افغانستان میں قید کے دوران امریکی اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش کا مرتکب قراردیا تھا۔