5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فرانس،پی آئی اے کے مقامی افسر اور ٹریول ایجنٹس کے درمیان محاذ آرائی
جنگ نیوز -
پیرس . . . رضا چوہدری . . . فرانس میں پی آئی اے کے مقامی افسر اور ٹریول ایجنٹوں کے درمیان دوبارہ محازآرائی شروع ہوگئی۔ فرانس میں پی آئی اے کی ایک ٹریول ایجنسی نے الزام لگایا ہے کہ مقامی افسر نے ان کا ٹکٹنگ سسٹم بغیر کسی وجہ کے دوبارہ بند کردیا ہے جس کی بنا پر پی آئی اے پر سفر کرنے کے خواہش مند پاکستانی دوسری ائر لائنوں پر سفر کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور اس محاذآرائی کے باعث قومی ائر لائن کے جہاز کرایہ کم کرنے کے باوجود چھٹیوں میں بھی خالی جا رہے ہیں۔ واضح ہو کہ پی آئی اے فرانس کے مقامی افسر نے گذشتہ ہفتے پیرس کی دو ٹریول ایجنسیوں کا ٹکٹنگ سسٹم بغیر کسی وجہ کے بند کر دیا تھا۔ٹریول ایجنٹس کے شدیداحتجاج کے بعد سسٹم کو بحال کر دیا گیا، تاہم بدھ کے روز متعلقہ ٹریول ایجنٹس نے الزام لگایا ہے کہ قومی ائر لائن کا افسر جب چاہتا ہے ٹکٹنگ سسٹم بند کردیتا ہے جس کی وجہ سے ہم دوسری ائر لائنوں کی ٹکٹیں بیچنے پر مجبور ہیں۔ان ایجنٹس نے پی آئی اے کے ایم ڈی سے مطالبہ کیا کہ ہمیں محب وطن ہو نے اور پی آئی اے کی سیل بڑھانے کی سزا نہ دی جائے۔دریں اثناء پیپلز پارٹی فرانس کے رہنماوٴں نے ان ٹریول ایجنٹس کو یقین دلایا ہے کہ ان کا معاملہ صدر زرداری کے سامنے پیش کیا جائے گا۔