5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خیبر پختون خوا میں سیلاب سے تباہی،64افراد ہلاک،متعدد لاپتہ
جنگ نیوز -
پشاور…خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباری کاری سے بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے جبکہ متعدد علاقوں میں پلوں کے بہہ جانے سے رابطے منقطع ہوگئے ہیں ۔جبکہ کوہستان میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس میں کام کرنے والے تین غیر ملکیوں کی تلاش جاری ہے۔سوات اور شانگلہ میں شدید بارشوں اور دریائے سوات میں طغیانی سے بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہے ۔ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں اور سوات کے علاقوں بحرین ،مدین ،مٹہ ،کانجو اور کبل میں سیلاب سے 64 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔مینگورہ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پولیس لائن کو خالی کرالیاگیاہے۔ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں رابطہ پل بہہ جانے سے شاہراہ ریشم بندہوگئی ہے ۔جس کی وجہ سے گلگت بلتستان کا رابطہ ملک بھر سے منقطع ہوگیا ہے۔کالام میں سیلابی ریلے میں 7 ہوٹل، 60 دکانیں اور 9مکانات بہہ گئے ہیں ۔ضلع کوہستان میں مسلسل بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہا یئڈرو پاور پراجیکٹس تعمیر کرنے والے غیر ملکی عملے کے کیمپوں سمیت سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں جبکہ تین غیر ملکی تاحال لا پتہ ہیں۔بٹگرام کی تحصیل الائی میں نوگرام برج،بیاری برج اور ایک سرکاری ریسٹ ہاؤس سیلابی ریلے میں بہہ گیا ۔نوشہرہ میں سیلا ب سے چار افراد ہلاک ہوئے ۔نوشہرہ کلاں ، اضاخیل، خیر آباد ،پیرسباق سمیت دیگر علاقے مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ اضاخیل مہاجر کیمپ سے مہاجرین کا انخلاشروع کردیا گیا ہے ۔جی ٹی روڈ پر برساتی نالے کا پانی آنے سے ٹریفک معطل ہوگیاہے۔دریائے کابل میں طغیانی میں اضافہ ہوگیا۔پھنسے ہوئے متاثرین کے پاس اب تک کوئی امددی ٹیم نہیں پہنچی، ہزاروں افراد پانی میں محسورہوگئے ہیں۔دیر بالا کے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات ،21 رابطہ پل ،13 اسکول اور ہزاروں ایکڑزمینیں زیر آب اور21افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں ۔مختلف مقامات پر بارہ سو افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔لوئر دیر میں مسلسل بارش سے آنے والے سیلاب میں 8 افراد بہہ گئے اور6 رابطہ پل گر گئے ۔تحصیل بالام بٹ میں سابق رکن قومی اسمبلی حاجی عنایت خان کا مکان بھی سیلاب میں بہہ گیا ۔چارسدہ میں بارش اور سیلاب سے سیکڑوں مکان بہہ گئے ۔ آرمی کی جانب سے ریسکیو آپریشن کے لئے دو کشتیاں فراہم کردی گئی ہیں ۔کوہاٹ میں گزشتہ دو روز سے طوفانی بارشوں سے متعدد علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔اب تک 143 مکانات گر گئے ہیں دیائے کرم اورکزئی کے سیلابی ریلے میں متعدد رابطہ پل بہہ گئے ہیں۔دو بچوں سمیت لڑکی سمیت تین افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ہیں۔ دریائے گلگت میں اونچے درجے کے سیلاب سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں ۔تاریخی چنارباغ اور اس سے ملحقہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت بھی زیر آب آگئی ہے ۔بنوں میں سیلابی ریلے میں پانچ بچے بہہ گئے ،جن کی تلاش جاری ہے ۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں چالیس سے زائد مکانات سیلابی پانی میں بہہ گئے اور مکان کی چھت گرنے سے دو بچے زخمی ہوگئے ہیں ۔ تحصیل جمرود میں پانچ افراد زخمی ہوئے ۔ سیلابی ریلہ آنے کی وجہ سے پاک افغان شاہراہ اور مہمند باجوڑ روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔اپر اورکزئی کے علاقہ ڈبوری کے بازارمیں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے سے بیس دکانیں اور مکانات گر گئے ہیں۔