5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
مری اور چھانگا مانگا ہماری سیاست کے زمینی حقائق ہیں،چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . آئین میں 18ویں ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں کے مقدمہ کی آج بھی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 17 رکنی بنچ نے 18ویں آئینی ترمیم کے مقدمہ کی سماعت کی تو وفاقی حکومت کے وکیل وسیم سجاد نے دلائل جاری رکھے ، انہوں نے کہا کہ ججز تقرر کے نئے طریقہ میں بالادستی چیف جسٹس کو حاصل ہے کیونکہ وہ ججز تقرر کے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ ہیں، جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے ریمارکس میں پوچھا کہ اختیار پہلے جیسا ہے تو پھر طریقہ کار میں کیوں تبدیلی آئی ، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ پارلے مانی کمیٹی میں مختلف خیال کے نمائندے ہونے کی وجہ سے ججز تقرر میں تعطل پیدا ہوسکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ مری اور چھانگا مانگا ہماری سیاست کے زمینی حقائق ہیں اور حمایت حاصل کرنے کے لئے وزارتیں دینا پڑتی ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ جب اسامیاں آتی ہیں تو بھاگ دوڑ کی جاتی ہے، کیا ججز تقرر میں یہی روایت آگے بڑھائی جائے گی ، جسٹس آصف کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ ججز تقرر میں توثیق کے لئے کمیٹی کے 5 ارکان جبکہ مسترد کرنے کی خاطر 6 ارکان درکار ہیں اور اس کی دونوں صورتوں میں ججز تقرر کے لئے نئی طرح کا تعطل پیدا ہوسکتا ہے ، چیف جسٹس نے وسیم سجاد سے کہا کہ مسائل کا قابل عمل حل ہونا چاہیئے اور آپ یہ بات پارلے منٹ کو بتائیں، جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ماضی میں ججز کے تقرر میں میرٹ کو نظرانداز کیا جاتا رہا اور بلوچستان سے جونئر ججوں کو سپریم کورٹ میں لایا گیا، وسیم سجاد نے کہا کہ وزیراعظم بھی ججز تقرر کی پارلے مانی کمیٹی میں شامل ہوسکتا ہے۔