5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
غیرشناخت میتوں کی تصدیق کیلئے خون کے نمونے اکھٹے کر لئے گئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . ایئربلو کے مسافر طیارے کے المناک حادثے میں جاں بحق افرادکی غیرشناخت میتوں کی تصدیق کے لئے پہلے دن 39 ورثا کے خون کے نمونے اکھٹے کرلئے گئے، لواحقین کی سہولت اور اطلاعات کی خاطر، اسلام آباد کے آب پارہ کمیونٹی سنٹر میں خصوصی مرکز نے کام شروع کردیا ہے ۔ وفاقی حکومت کی طرف سے کمیونٹی سنٹر میں قائم اس مرکز میں آج عملہ کی آمد دس بجے کے مقررہ وقت سے تقریبا پون گھنٹہ تاخیر سے ہوئی جبکہ جاں بحق افراد کے رشتہ دار اور عزیر و اقارب وہاں پہلے سے ہی جمع ہوگئے تھی ، ان لوگوں نے خصوصی مرکز کے عملہ کی تاخیر سے آمد کے خلاف وہاں احتجاج بھی کیا ، بعد میں طبی عملہ کے آنے پر ورثا کے بلڈسیمپل لینے کا سلسلہ شروع کیا گیا، انہیں ، ان لاشوں کے نمونوں سے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے میچ کیا جائے گا جن کی شناخت نہیں ہوسکی ، اس سنٹر میں آج چیف کمشنر اور دیگر اعلی حکام نے بھی جائزہ لیا ، پہلے دن مقرر وقت تک 39 ورثا کے خون کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں ، انتظامیہ نے ورثا اور لواحقین کو بتایا ہے کہ یہ مرکز جمعہ اور ہفتہ کو بھی کھلا رہے گا۔