تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادر آباد پر اورنچے درجے کا سیلاب

جنگ نیوز -
لاہور . . . کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں مزید بارشوں کے بعد گزشتہ روز آنے والے دو سیلابی ریلے مختلف آبادیوں کو متاثر کرتے ہوئے داجل کینال سے گزررہے ہیں۔ادھردریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادر آباد پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔راجن پور کے علاقے چک شہید میں پھنسے سیکڑوں افراد حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔جن میں بچے اور عورتیں شامل ہیں۔ کئی افراد نے درختوں پر پناہ لے رکھی ہے۔درہ کاحا اور درہ چھاچڑ سے آنیوالے دو سیلابی ریلوں نے مزید دس بستیوں کو متاثر کیا ہے۔ جس کے بعد متاثر ہونے والی بستیوں کی تعداد 450 سے تجاوز کر گئی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ برساتی ندی نالوں کی گذر گاہوں کی صفائی کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے بلڈوزر فراہم کئے گئے ،لیکن ناقصمیڑیل سے تعمیر کئے گئے ناقص حفاظتی بندوں کے ٹوٹنے سے علاقہ زیر آب آگیا ہے۔ سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں میں 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے اورہزاروں ایکڑ پر کھڑی خریف کی فصلیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادر آباد پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔دریائے چناب پر اس وقت 2 لاکھ تین ہزار کیوسک اور قادرآباد کے مقام پر 2 لاکھ بیس ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادر آباد کے مقام سے بڑا ریلا گزرنے سے قادر آباد، جلال پور بھٹیاں سمیت تیس دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ دریا چناب میں سیلابی ریلے کے سبب ہیڈ چھنوا کے قریب سلوکی میں گھرگرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے لیکن بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ملتان میں دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ سے دریائی علاقوں میں کئی بستیاں متاثر ہوئی ہیں ، سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ اور آم کے باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے اور کئی گھرانے پانی میں گھرے ہوئے ہیں جبکہ آئندہ70 گھنٹے تک پانی کا دو لاکھ کیوسک کا ریلا دریائے چناب میں ضلع ملتان کی حدود سے گزرے گا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے دریائی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ۔دوسری جانب دریا ئے نیلم میں طغیانی کے باعث کیل کے مقام پرتین مکانات دریا میں بہہ گئے ۔جبکہ پٹیہ کا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے دوافرادجاں بحق ہوئے۔ادھر راولا کوٹ کے قریب آزاد پتن کے مقام پر مسافر وین برساتی نالے میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چودہ افراد کو بچالیا گیا اور دو کی تلاش جاری ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.