5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے تباہی 106افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
پشاور…خیبرپختونخوا میں شدیدبارشوں اوراس کے نتیجہ میں آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہو ئی ہے جبکہ 106افراد جاں بحق ہو گئے ہیں اورمتعددافراد لاپتہ ہوگئے ہیں،سیلاب سے متاثرہ افراد حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔سوات اور شانگلہ میں شدید بارشوں اور دریائے سوات میں طغیانی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ضلع شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے گزشتہ 24گھنٹے کے دوران43 افراد ہلاک اور سیکڑوں افراد لاپتہ ہوگئے۔مینگورہ میں20 رابطہ پل بہہ جانے سے تحصیل کبل، مٹہ، بری کوٹ، چار باغ، خوازہ خیلہ، بحرین اور بابوزئی کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ کالام میں سیلابی ریلے میں متعدد دکانیں اور مکانات بہہ گئے۔بٹگرام میں تھاکوٹ کے قریب دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث کالا ڈھاکہ جانے والی سڑک اور مرکزی پل زیر آب آگیا جبکہ تھاکوٹ اور اور الائی میں درجن سے زائد مکانات بھی زیرآب آگئے۔مانسہرہ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائڈنگ سے شاہراہ کاغان دوسرے روز بھی بند رہی جس سے سیکڑوں سیاح شوگران،کاغان اور ناران میں محصور ہوکر رہ گئے۔کوہستان میں کاسرکے مقام پر سیلاب سے سیکڑوں مکانات زیر آب آگئے جبکہ10سے زائد گھروں کے مکین لاپتہ ہوگئے۔تحصیل پالس اورتحصیل پٹن کو ملانے والا رابطہ پل بھی زیرآب آگیا۔ دریائے کنہار میں مانسہرہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جسکے بعد دریا کے کنارے آباد لوگوں کونقل مکانی کاحکم دے دیا گیا، بالاکوٹ میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تھانہ بالاکوٹ، سول اسپتال اور بازار خالی کرالیا گیا کوہاٹ ڈویژن میں سیلاب سے جرمہ پل گرگیا جس کے ملبے تلے دبے8افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ مختلف واقعات میں9 افراد ہلاک ہوگئے۔نوشہرہ میں سیلا بی ریلے میں4افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جبکہ25 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔نوشہرہ کلاں ، اضاخیل، خیر آباد ،پیرسباق سمیت دیگر علاقے ڈوب گئے۔ اضاخیل کیمپ سے مہاجرین کا انخلاشروع کردیا گیا۔ لوئر دیرمیں بارشوں کے بعد مکان کی چھت گرنے سے6بچوں سمیت11افراد ہلاک ہوگئے جبکہ8 افراد اور7رابطہ پل بھی بارش میں بہہ گئے۔دیر بالا میں سیلابی ریلے سے درجنوں مکانات،21 رابطہ پل ،13 اسکول اور ہزاروں ایکڑزمینیں زیر آب آگئیں جبکہ21افراد بھی ریلے میں بہہ گئے۔چارسدہ میں دریائے سوات اور جیندی سے آنے والے سیلاب سے9افراد ہلاک اور 42زخمی ہوگئے، جیندی پل بھی سیلاب کی نذر ہوگیا۔ دریائے گلگت میں سیلاب سے متعدد دیہات اورقانون ساز اسمبلی کی عمارت بھی زیر آب آگئی۔ دیامر کی تانگیر ویلی میں سیلابی پانی میں ڈوب کرتین بچیاں جاں بحق ہوگئیں۔دریائے غذرکے قریبی علاقے زیر آب آگئے ۔میں سیلابی ریلے میں پانچ بچے بہہ گئے۔خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں چالیس سے زائد مکانات بہہ گئے۔سینئر وزیر بشیر بلور کا کہنا ہے کہ صوبہ میں بارشوں اور سیلاب سے106 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔