5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
برطانوی وزیراعظم کے بیان پرسفارتی سطح پر بات کریں گے،وزیراعظم
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ برطانوی وزیراعظم کے بیان پرسفارتی سطح پر بات کریں گے ، پاکستان کے خلاف ایسے بیانات دیئے گئے تو دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو گی۔انہوں نے یہ بات سینٹ میں میاں رضا ربانی اور دیگر ارکان کی طرف سے تحفطات کے اظہار کے جواب میں کہی۔وزیر اعظم نے کہا کہ نیٹو فورسز اور دنیا بھر کی افواج افغانستان میں دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہیں،پاکستان نے کبھی سپر پاور ہونے کا دعویٰ نہیں کیا لیکن اپنی حیثیت میں سب کچھ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیٹو اور دیگر تمام افواج نے اتنی جانیں نہیں دیں جتنی پاکستانیوں نے دی ہیں لیکن اگر پاکستان کے خلاف ایسے بیانات دیئے گئے تو دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو گی، وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان کے خلاف بیانات کا احساس ہے اور ان کو مناسب فورم پر ٹیک اپ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کی مشکلات سمجھنی چاہئیں اور پاکستان کی مدد کی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد دہشت گردی کے خلاف مشترکہ قومی پالیسیکیلئے کل جماعتی کانفرنس طلب کی جائے گی۔میاں نواز شریف نے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف تحفظات کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے اے پی سی بلانے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔وزیر اعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے کہا کہ ملک بھر میں غربت کا سروے کیا جا رہا ہے اور سروے کے بعد غریبوں کو رکن پارلیمنٹ کی سفارش سے نہیں بلکہ ازخود حکومت امدادی چیک دے گی ، وزیر اعظم نے کہا کہ غریب ترین افراد کے اہل خانہ میں سے ایک بچے کو ملازمت فراہم کرنے کی ضمانت دی تھی، جس کیلئے اس بچے کو ملک یا بیرون ملک تربیت دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ دو سال میں بے نظیر سپورٹ پروگرام میں بدعنوانی کی ایک بھی مثال نہیں ملی اور عالمی ادارے بھی اس کیلئے تعاون کر رہے ہیں۔