5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
افغان ٹریڈ کی آڑ میں بھارت نواز معاہدہ منسوخ کیا جائے ،منور حسن
جنگ نیوز -
لاہور…امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت اورافغانستان کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جو غیر مشروط ٹریڈ معاہدہ کیا ہے اس کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کرنا چاہیے اور امریکا بھارت اورافغانستان کے توہین آمیزبیانات کا جرات کیساتھ نوٹس لینا چاہیے۔منصورہ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وکی لیکس ویب سائٹس کی طرف سے خفیہ معلومات منظر عام پر آنے کے بعد پاکستانی حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان خفیہ معلومات کے منظر عام پر آنے کے بعد اس بات کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ ہم نے ملک کے اندر بلیک واٹر تنظیم، امریکی میرین مختلف امریکی تنظیموں اور این جی اوز کے نمائندوں کو پورے ملک میں گھومنے اور کھیل کھیلنے کی جواجازت دے رکھی ہے ، ان کی رسائی کہاں کہاں تک نہیں ہوگی۔ سیدمنور حسن کا کہنا تھا کہ یہ سنگین صورتحال تقاضاکرتی ہے کہ حکومت اور پاکستانی افواج دہشت گردی کی آڑ میں امریکی مفادات کی جنگ کی پالیسی کو ریورس کریں اور امریکی میرین اور بلیک واٹر کو پاکستان سے نکل جانے کا کہہ دیں۔