5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سیلاب سے متاثر ہ عوام کی امداد کیلئے فوری اقدامات جائیں، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور شدید جانی ومالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب کے متاثرین کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا، صوبہ پنجاب اور صوبہ بلوچستان میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچادی ہے اور سیلابی ریلوں کے باعث نہ صرف شہری بے گھر ہوکرکھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں بلکہ درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف صوبوں کے عوام کو غذائی اجناس اور طبی امداد کی اشد ضرورت ہے اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے ہرممکن اقدامات بروئے کار لائیں۔رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، صوبہ خیبرپختونخوا، صوبہ پنجاب اور صوبہ بلوچستان کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثر ہ عوام کی امداد کیلئے حکومتی سطح پر تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں، متاثرین کی بھرپورامداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور انہیں غذائی اجناس کی فراہمی اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے مثبت اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔رابطہ کمیٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کی ریسرچ اینڈایڈوائزری کونسل کے رکن ومعروف شاعرخواجہ رفیق انجم کے چھوٹے بھائی مولانالئیق حسین نجفی کے انتقال پرگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے خواجہ رفیق انجم سمیت مرحوم کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مولانالئیق حسین نجفی مرحوم کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگواران صبرجمیل عطاکرے۔(آمین)